سری نگر/قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ہفتہ کو کشمیر کے کئی مقامات پر تازہ تلاشی لی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائی پاکستان میں موجود ہینڈلرز اور مقامی بالائی سطح کے کارکنوں کے ایک نیٹ ورک سے جڑی سرحد پار ملی ٹینسی کی سازش کی جاری تحقیقات کے تحت کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ کولگام، بانڈی پورہ، کپواڑہ اور بارہمولہ اضلاع کے کئی مقامات پر تلاشی کی کارروائی جاری تھی۔ 2 مشتبہ خواتین بالائی سطح کے کارکنوں کے گھروں کی بھی تلاشی لی جا رہی تھی۔
کارروائی کے دوران این آئی اے کی ٹیموں کو مقامی پولیس اور سلامتی اہلکاروں کی مدد حاصل رہی۔
یہ معاملہ مبینہ ملی ٹینسی کی حمایت کرنے والے ایک ایسے نیٹ ورک سے متعلق ہے، جو جموں و کشمیر میں دراندازی کرنے والے ملی ٹینٹوںکو رسد اور دیگر مدد فراہم کر رہا تھا اور جس کے روابط پاکستان میں موجود ہینڈلرز سے تھے۔ تحقیقات میں ملی ٹینٹ تنظیم لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) سے وابستہ مقامی بالائی سطح کے کارکنوں کے مبینہ کردار کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔
تازہ تلاشی 22 اگست کو این آئی اے کی اس سے قبل کی کارروائی کے بعد کی گئی ہے، جب ایجنسی نے اسی تحقیقات کے سلسلے میں سری نگر، کپواڑہ، اننت ناگ، پلوامہ اور بڈگام میں 10 مقامات پر تلاشی لی تھی۔ہفتہ کی تلاشی کی کارروائی کے بارے میں مزید تفصیلات کا انتظار تھا۔