سری نگر/جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں جمعہ کے روز کانگریس ارکان نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی برطرفی کے مطالبے کو لے کر مختصر احتجاج کیا۔ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی کانگریس کے ارکان نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’گیانیش کمار استعفیٰ دو، ووٹ کا تحفظ کرو، جمہوریت کا تحفظ کرو‘‘کے نعرے درج تھے۔ ارکان نے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔
اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے کانگریس ارکان نظام الدین بھٹ، عرفان حافظ لون اور افتخار سے ایوان کے اندر بینرز لانے پر سوال کیا۔اسپیکر نے کہا، ’’آپ کو یہاں بینرز لانے کی اجازت کس نے دی؟ انہیں بند کریں۔‘‘انہوں نے احتجاج کرنے والے ارکان سے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا جموں و کشمیر اسمبلی کے دائرۂ اختیار میں نہیں آتا۔اسپیکر نے کہا، ’’الیکشن کمیشن آف انڈیا ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے۔ میں نے اسے نامنظور کر دیا ہے۔ یہ سوالیہ وقت ہے۔‘‘اسپیکر نے احتجاج کرنے والے ارکان کو کارروائی کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’اپنی نشستوں پر واپس جائیں، ورنہ مجھے آپ کے خلاف کارروائی کرنا پڑے گی۔‘‘