ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

الیکشن کمیشن نے قاسم سوری کی رکنیت بحال کر دی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی اسمبلی رکنیت بحال کر دی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن نے اپنا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے پر عملدر آمد کرتے ہوئے قاسم سوری کو ڈی نوٹیفائی کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے قاسم سوری کی جانب سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف کی گئی اپیل کی 7 اکتوبر کی سماعت کا تحریری فیصلہ بھی 2 روز قبل جاری کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے میں الیکشن کمیشن کے 2 اکتوبر کے فیصلے کو معطل قرار دیا گیا ہے جس میں قاسم سوری کو ڈی سیٹ کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ تحریری فیصلے میں حکم دیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا 27 ستمبر کا فیصلہ بھی معطل تصور کیا جائے۔

فیصلے کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے عبوری ریلیف دینے کی درخواست کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ احکامات معطل نہ کیے گئے تو حلقہ عوامی نمائندگی سے محروم ہو جائے گا۔ عدالت نے دونوں فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے جس کے بعد تمام کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے قاسم سوری کو بطور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی بحال کر دیا تھا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں