ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

نواز شریف کو دل کا دورہ پڑنے کے خطرات بڑھ گئے

سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا سروسز اسپتال لاہور میں پانچویں روز بھی علاج جاری ہے، ان کی حالت بدستور تشویشناک ہے اور دل کا دورہ پڑنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق معالجین کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز نواز شریف کو انجائنا کا مسلسل شدید درد ہوا، دل کی یہ تکلیف طبی اصطلاح میں ’این اسٹیمی‘ کہلاتی ہے اس میں دل کا دورہ پڑنے کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم کی تکلیف بڑھنے پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سربراہ کو ایمرجنسی میں بلایا گیا، طبی جانچ پر نواز شریف کے دل میں اینزائمز (پروٹین مالیکیولز) کی تعداد زیادہ پائی گئی۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم دل کے مریض ہیں، ان کے دو آپریشن پہلے ہو چکے ہیں، معالجین دل کی موجودہ تکلیف کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب سروسز اسپتال کی انتظامیہ کےمطابق پلیٹ لیٹس کے اتار چڑھاؤ کی وجہ سے نواز شریف کو روزانہ ایک گھنٹہ آکسیجن لگائی جا رہی ہے ۔

نوازشریف کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کی میٹنگ جاری ہے ، بورڈ میٹنگ میں نوازشریف کی صحت کے حوالے سے رپورٹ تیار کر رہا ہے جسے ایم ایس سروسز اسپتال منگل کو اسلام آباد میں پیش کریں گے ۔

اس سے قبل گزشتہ روز نواز شریف کا پلیٹ لیٹس کاؤنٹ30 ہزارہو گیا تھا، ڈاکٹروں کا کہناہے کہ قوت مدافعت بڑھانے کے لئے اسٹیرائیڈز دینا پڑ رہی ہیں، تاہم اسٹیرائیڈز کےاستعمال سے نواز شریف کا شوگر لیول اور بلڈ پریشر زیادہ ہے، شوگر کنٹرول کرنے کے لیے انہیں انسولین دی جا رہی ہے۔

نواز شریف کو انجائنا کی تکلیف کے حوالے سے امراض دل کی ادویات بھی شروع کرا دی گئیں، 5روز گزرجانے کے بعد ڈاکٹروں نے امید ظاہر کی ہےکہ نوازشریف کی طبیعت میں اب بہتری آنا شروع ہو جائے گی۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازبھی سروسز اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، انہیں نواز شریف کے کمرے سے ملحقہ کمرےمیں رکھا گیا ہے، وہ اپنے علاج کے ساتھ ساتھ اپنے والد کی دیکھ بھال بھی کر رہی ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں