ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

انگلینڈ ٹیسٹ ،یاسر شاہ میچ ونر کا کردار ادا کرسکتے ہیں،اقبال قاسم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر شاہ میچ ونر کا کردار ادا کر سکتے ہیں، صوابی میں پیدا ہونے والے کرکٹر میں انگلش بلے بازوں کے لئے مشکل پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔ گفتگو کرتے ہوئے اقبال قاسم نے کہا کہ 5 اگست سے یکم ستمبر تک پاکستان کا انگلینڈ کے ساتھ3 ٹیسٹ اور 3ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنی ہے، یاسر شاہ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کے لئے اہم اور میچ ونر کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انگلینڈ میں عام طور پر دائیں ہاتھ کے لیگ اسپنرز عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ مرحوم عبد القادر انگلینڈ میں بہت کامیاب رہے، مشتاق احمد اور دانش کنیریا نے بھی وہاں پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو یاسر کے پاس انگلینڈ کے بلے بازوں کو مشکلات پیدا کرنے کا قوی امکان ہے اب یہ سب ان کی فارم اور تیاریوں پر منحصر ہے۔ ان کو وہاں پریکٹس کے لئے کافی وقت ملا ہے لہذا اس سے انہیں فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ بولرز کے لیے رفتار ضروری ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی لائن اور لینتھ پر زیادہ توجہ دینی چاہئے، چونکہ انگلینڈ میں پچ تھوڑی نم ہیں، اس لئے تیز رفتار والے بولرز بلے بازوں کے لئے پریشانی پیدا کر سکتے ہیں۔ اقبال قاسم نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ٹاپ آرڈر بلے باز بابر اعظم اور مڈل آرڈر افتخار احمد کو بھی پاکستان کے لئے ٹاپ پرفارمر قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی بلے باز ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق اور بیٹنگ کوچ یونس خان کے تجربے سے بھی فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مصباح اور یونس جدید دور میں کھیلے ہیں اور صرف3 سال قبل ہی کرکٹ چھوڑ ی ہے لہذا ان کے کھلاڑیوں کے ساتھ بہتر رابطے اور افہام و تفہیم ہوگی۔ انہیں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور ان کی کوچنگ سے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا۔ یونس انگلینڈ میں کھیل کے اپنے تجربے کو بانٹ سکتے ہیں اور ہمارے بلے بازوں کی تکنیک کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔ اقبال قاسم نے کہا کہ انگلینڈ میں ایک ماہ پریکٹس کرنے کے بعد پاکستانی بلے بازوں کو آئندہ ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کا کوئی عذر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک انگلینڈ کے کنڈیشنز میں پاکستان کے بلے بازوں کو عادی ہو جانا چاہئے۔ وہ وہاں روزانہ پریکٹس کر رہے ہیں اور آپس میں پریکٹس میچ بھی کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین جاری سیریز کا مشاہدہ بھی کر رہے ہیں اور اس سے کچھ چیزیں سیکھ سکتے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں