میلبورن (جسارت نیوز)کولن منرو کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت پرتھ اسکارچر زنے مینز بی بی ایل کے 44ویں میچ میں برسبین ہیٹ کو59 سے ہرا کر لیگ میں چھٹی فتح حاصل کرلی۔ برسبین ہیٹ کی ٹیم 175رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، پرتھ سکارچرز کے کولن منرو نے دھواں دار 82رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، انکی 82رنز کی اننگز میں4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے ، اس عمدہ کارکردگی پر ان کو میچ کا نہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ منگل کو آسٹریلیا کے مشہور شہر میلبورن میں کھیلے گئے لیگ کے 44ویں میچ میں پرتھ ا سکارچرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 174نز بناکر برسبین ہیٹ کو میچ میں کامیابی کے لئے 175رنز کا ہدف دیا۔ کولن منرونے 82 رنز بنائے برسبین ہیٹ کی طرف سے ویلڈرموتھ اور مورنے مورکل نے 2,2 وکٹیں لیں،جواب میں پرتھ اسکارچرز کے بولرز کی عمدہ باولنگ کی بدولت برسبین ہیٹ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 16.4اوورز میں 115رنز بناسکی۔کپتان کرس لین 27اور جو ڈینلے 26رنز بناسکے ۔ یوں پرتھ اسکارچرز نے میچ میں برسبین ہیٹ کو بآسانی 59رنز سے ہرا کر لیگ میں چھٹی کامیابی اورپوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ پرتھ اسکارچرز کی طرف سے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کے فواد احمد نے3 جبکہ رچرڈسن، جیسن اور اینڈریو ٹائے نے 2,2اور لیام نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ کولن منرو کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔