راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 370 رنز کا ہدف دیدیا ہے جبکہ محمد رضوان نے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری بنالی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم دوسری اننگ میں 298 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اب جنوبی افریقا کو پنڈی ٹیسٹ جیتنے کیلئے 370 رنز کا ہدف ملا ہے جبکہ ٹیسٹ کے چوتھے روز وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے مشکل وکٹ پر ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی اور وہ 115 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نے کھانے کے وقفے کے بعد رضوان کی شاندار سنچری کی بدولت 102 اوورز میں 298 رنز بنائے جبکہ رضوان اننگ کے ٹاپ اسکورر رہے اور 115 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ نعمان علی 45 اور اظہر علی 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
چوتھے روز کے کھیل کا آغاز پاکستان کے لیے مایوس کن رہا اور جلد ہی اس کی ساتویں وکٹ 159 رنز پرگرگئی جب حسن علی 5 رن بنا کر مہاراج کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
پاکستان کی آٹھویں وکٹ یاسر شاہ 23 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، نعمان علی 45 رن بنا سکے جبکہ آخری کھلاڑی شاہین آفریدی 4 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کے جارج لنڈے نے 5 اور کشوو مہاراج نے 3 وکٹ حاصل کیے جبکہ 2 وکٹ ربادا کے حصےمیں آئے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 129 رنز بنائے تھے اور اس کی 6 وکٹیں گری تھیں، تاہم قومی ٹیم کو جنوبی افریقا کے خلاف مجموعی طور پر 200 رنز کی سبقت حاصل تھی۔
قومی ٹیم کے دوسری اننگ میں صفر پر نوجوان بیٹسمین عمران بٹ، پھر 28 کے مجموعے پر عابد علی بھی پویلین لوٹ گئے، ایسے میں شائقین کی امیدوں کا مرکز بابر اعظم تھے جو 45 کے مجموعے پر صرف 8 رنز بنا کر کیشو مہاراج کا شکار ہوگئے۔
اظہر علی جنہوں نے 33 رنز بنائے تھے، وہ بھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور 63 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد فواد عالم نے کمان سنبھالی اور وہ صرف 12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد قومی ٹیم 76 پر ہی آدھی وکٹوں سے محروم ہوگئی تھی۔
ایسے میں فہیم اشرف اور محمد رضوان نے 52 رنز کی پارٹنر شپ بنائی لیکن 128 کے مجموعے پر فہیم اشرف بھی پولین لوٹ گئے۔
دن کے اختتام تک محمد رضوان 28 اور حسن علی بغیر کوئی رن بنائے کیریز پر موجود تھے۔
اس سے قبل پاکستانی بولنگ اٹیک کے سامنےمہمان ٹیم پہلی اننگ میں 201 رنز پر پولین لوٹ گئی تھی، فاسٹ بولر حسن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
