ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ملک کے بعض اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر زائد کیسز والے اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ سندھ ،بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کورونا کی شدت کم ہے، لاہور سمیت پنجاب کے چند اضلاع میں کورونا کا پھیلاؤ تشویش ناک ہے، خیبرپختونخوا کے کچھ اضلاع میں بھی کورونا کاپھیلاؤ ہے، 11 اپریل تک مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے مزید بند رہیں گے۔ کن اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے ہیں یہ فیصلہ صوبائی حکومتیں کریں گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان ، فیصل آباد،سیالکوٹ،سرگودھا اور شیخوپورہ میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ پنجاب کے دیگر اضلاع میں پرانے شیڈول کے مطابق اسکول کھلیں گے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اسکول سیل کردیے جائیں گے۔

شفقت محمود نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر گزشتہ برس نویں ، دسویں ، گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات نہیں ہوئے تھے تاہم اس بارایسا نہیں ہوگا۔ نویں تا بارہویں امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے۔ کیمبرج نظام تعلیم کے امتحانات جلد شروع ہورہے ہیں، صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کیمبرج کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔

پریس کانفرنس سے قبل این سی او سی کا اجلاس ہوا۔ جس میں وزرائے تعلیم، صحت اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے، اجلاس کے دوران اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کو مزید کچھ روز بند رکھنے کی تجویز دی گئی۔ این سی او سی نے پنجاب کے 10 اضلاع میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند کرنے کا فیصلہ کیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں