ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سندھ میں کراچی سمیت مختلف شہروں میں بارش کے امکانات

جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ طوفان میں تبدیل ہوگیا جس کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندری طوفان سے متعلق جاری چوتھے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ طوفان ‘تاوتے’ کی شکل اختیار کر گیا ہے، جو اس وقت کراچی سے ایک ہزار 460 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جو بڑھ کر 100 کلومیٹر تک بھی جا رہی ہے۔

بیان کے مطابق آئندہ 12 سے 18 گھنٹے میں طوفان مزید شدت اختیار کر سکتا ہے اور 18 مئی کی صبح بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندر میں موجودہ صورتحال اور سسٹم کے اثرات کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

الرٹ میں کہا گیا کہ سسٹم کے باعث 17 سے 20 مئی کے دوران ٹھٹہ، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص، عمرکورٹ اور سانگھڑ میں بادل برس سکتے اور یہاں 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔

اسی طرح 18 سے 20 مئی کے درمیان کراچی، حیدرآباد، جامشورو، شہید بےنظیرآباد، سکھر، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد اور دادو میں بادل برسنے کا امکان ہے جہاں 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ 16 سے 20 مئی تک ماہی گیر گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

دوسری جانب حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ طوفان کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کی۔

ایک الگ نوٹی فکیشن میں محکمہ موسمیات نے 16 سے 17 مئی تک کراچی میں ہیٹ ویو کا انتباہ جاری کیا ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ‘اگلے دو روز میں موسم انتہائی گرم رہنے کا امکان ہے جس دوران دن میں درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری تک جاسکتا ہے’۔

منبع: ڈان نیوز

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں