ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

خدمت کے حوالے سے پولیس کانسٹیبل جمال کلہوڑو کا عزم قابلِ تحسین ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے چلتی ہوئی ٹرین سے گرنے والے نوجوان کی جان بچانے والے پولیس کانسٹیبل جمال کلہوڑو کی ‘فرائض کی انجام دہی میں لگن’ اور ان کی خدمت کے اعتراف میں یوم پاکستان (23 مارچ) کے موقع پر اعزاز دینے کا اعلان کردیا۔

مذکورہ اعلان وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ کے ذریعے کیا۔

ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘ہم نے فرض شناسی کے کمال مظاہرے پر کانسٹیبل جمال کلہوڑو کو یومِ پاکستان (23 مارچ) کے موقع پر اعزاز سے نواز نے کا فیصلہ کیا ہے’۔

انہوں نے قرآن کریم کی سورۃ المائدہ کی آیت کا ترجمہ بھی لکھا کہ ‘جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی’۔

گزشتہ روز وزیراعظم نے مذکورہ کانسٹیبل کی ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ٹرین کی چھت پر سوار نوجوان کو ٹریک پر گرتے اور کانسٹیبل کو ان کی جان بچاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم نے اپنی ٹوئٹ میں پولیس کانسٹیبل کے اقدام کو سراہتے ہوئے لکھا تھا کہ ‘یہ وہ مقام ہے جہاں فرض تقدیس سے ہمکنار ہوتا ہے، عوام الناس کی خدمت کے حوالے سے اس نوجوان سپاہی کا عزم قابلِ تحسین ہے’۔

مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں اسٹیشن سے گزرتی ٹرین کی چھت پر مسافروں کی ایک بڑی تعداد کو بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نوجوان کا پاؤں پھسلا اور وہ ٹرین اور پٹریوں کے درمیان موجود خلا میں پھنس گیا تاہم اگلے ہی لمحے وہاں ڈیوٹی پر مامور پولیس کانسٹیبل تیری سے نوجوان کی طرف بھاگا اور کھینچ کر اسے حادثے کا شکار ہونے سے بچالیتا ہے۔

مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر جہاں پولیس کانسٹیبل کی تعریف کی جارہی ہے وہیں ٹرین کی چھت پر اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے سوار ہونے پر تشویش کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے وابستہ اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

اس سے قبل جون میں وزیراعظم نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل قیصر شکیل سے ملاقات کی اور زخمی ہونے کے باوجود ان کے فرائض کی انجام دہی کو سراہا تھا۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق قیصر شکیل 9 جون کو زخمی ہوئے تھے اور 11 جون کو دو دن کے آرام کے بعد ڈیوٹی پر واپس آگئے تھے۔

منبع: ڈان نیوز

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں