دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے دارالحکومت دمشق کے نواح میں کئی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ اسدی فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ حملہ ذکیہ نامی گاؤںکے قریب کیا گیا۔ بیان میں بمباری سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل نہیں بتائی گئی۔ حالیہ کارروائی رواں ہفتے کے دوران شام میں دوسرا اسرائیلی فضائی حملہ ہے۔ اس سے قبل ہفتے کے روز بھی دمشق کے مضافاتی علاقوں میں عسکری اہداف کو ہدف بنایا گیا تھا۔ اسرائیل شام میں ایک عرصے سے ایرانی اہداف کے خلاف کارروائی کرتا آیا ہے، تاہم اس نے شاذ و نادر ہی حملوں کی ذمے داری قبول کی ہے۔ ادھر اسدی فوج کا کہنا ہے کہ شام کے فضائی دفاعی نظام کے خوف سے صہیونی طیارے رات میں کارروائی کررہے ہیں۔ بدھ کے روز ہونے والایہ حملہ نصف شب میں کیا گیا تھا۔ اس سے قبل اسرائیل نے 14اکتوبر کو وسطی شام میں ایرانی ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے تھے اور اسدی حکومت کے حلیف 9 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا تھا۔ یہ حملے شام کی جانب سے اسرائیل پر ملک کے جنوبی حصے میں حملہ کرنے کے الزامات کے چند دنوں بعد کیے گئے تھے۔