ابوظبی‘دبئی‘اسلام آ باد‘کراچی(نمائندہ خصوصی +مانیٹر نگ ڈ یسک) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 72 رنز سے شکست دے دی۔ شارجہ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بابراعظم کی ذمے دارنہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 189 رنز بنائے جس کے
جواب میں اسکاٹ لینڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 117 رنز بنائے۔اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جارج منسے 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کپتان کائل کوٹزر 9 اور وکٹ کیپر بلے باز میتھیو کراس 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ ڈیلن بج کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ مائیکل لیسک نے 14 رنز کی اننگز کھیلی۔ بیرنگٹن کی نصف سنچری بھی اسکاٹ لینڈ کے کوئی کام نہ آئی۔قومی ٹیم کی جانب سے شاداب خان نے 2، حسن علی، حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ محمد رضوان صرف 15 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے لیکن اس دوران انہوں نے کلینڈر ایئر میں 1666 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بناکر کرس گیل کا سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے فخرزمان ایک بار پھر ناکام رہے، وہ 8 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔ محمد حفیظ نے 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ کپتان بابراعظم نے ایک بار پھر ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔ بابراعظم 66 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔شعیب ملک نے 18 گیندوں پر 54 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی بنالیا جب کہ رواں ایونٹ میں تیز ترین نصف سنچری بھی 18 ہی گیندوں پر بھارت کے کے ایل راہل نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف ہی بنائی تھی۔اسکاٹ لینڈ کی جانب سے کرس گریوز نے 2، صفیان شریف اور حمزہ طاہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ علاوہ ازیں پاکستان اور آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں 11 نومبر کو مدمقابل ہوں گے۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 72 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پانچویں فتح سمیٹی۔ ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے والی قومی ٹیم 11 نومبر (جمعرات) کو آسٹریلیا سے دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوگی۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان گزشتہ 5 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی بات کی جائے تو 2 میچ پاکستان اور 2 میچ آسٹریلیا نے اپنے نام کیے ہیں جب کہ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے افغانستان کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی اور بھارت کو ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔ نیوزی لینڈ 10 نومبر کو ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ سے مدمقابل ہوگی۔واضح رہے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل 14 نومبر بروز اتوار کھیلا جائے گا۔ ادھروزیراعظم ہاؤس نے قومی کرکٹ ٹیم کی مسلسل پانچویں فتح پر خوشی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ پوری قوم کو پاکستان کرکٹ ٹیم پر فخر ہے کیوں کہ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اس ایونٹ کی اب تک ناقابل شکست رہنے والی واحد ٹیم ہے۔وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے بابراعظم الیون کو سیمی فائنل کے لیے ’’بیسٹ آف لک‘‘ کہا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ ان شااللہ ٹیم کو فتح ملے گی۔