ڈھاکہ: پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 128 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
ڈھاکہ کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھلے جارہے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے۔ افیف حسین 36، مہدی حسن 30 اور نور الحسن 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
قبل ازیں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ سود مند ثابت نہ ہوا، بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ دوسرے اوور میں ہی گر گئی، حسن علی نے محمد نعیم کو ایک رن کے اسکور پر پویلین بھیجا، اس کے بعد بنگلہ دیش کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ بنگلہ دیش نے پہلے 14 اوورز میں صرف 67 رنز بنائے تھے، تاہم اس کے بعد بنگلہ دیش نے جارحانہ بیٹنگ کی اور آخری 6 اوورز میں 60 رنز بنائے جس کے نتیجے میں بنگلہ دیش کا اسکور 127 رنز تک پہنچ گیا۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کی، جبکہ محمد وسیم نے 2، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی
