کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے اعلان کیا ہے کہ ان کا دور شہر قائد میں کھیل اور کھلاڑیوں کا دور ہوگا ،کھیلوں کے فروغ اور میدانوں کو آباد رکھ کر ہم شہر میں قیام امن کے ساتھ ساتھ اپنی نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور اور صحت مند مثبت سرگرمیوں کو فروغ دے سکتے ہیں ،سندھ حکومت شہر میں کھیلوں کے فروغ اور کھیلوں کے میدانوں کی آبادکاری کے لئے منصوبوں پر کام کررہی ہے انشا اللہ ہمارے اقدامات سے دھرتی مہران خصوصا شہر کراچی سے کھیل کے تمام شعبوں میں ٹیلنٹ سامنے آئیگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس کمیٹی ہال میں پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر شاہدہ پروین کیانی کی جانب سے لیاری محمڈن فٹ بال کلب کی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو مکمل کٹ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شمسی اکیڈمی کے چیئر مین خالد جمیل شمسی ،کشمیری رہنما غلام عباس جمال ایڈوکیٹ ،کمشنر کراچی کے اسپورٹس کوارڈینٹر غلام محمد خان ،پاکستان یوگا اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اطلاعات محمد ارشد ،انٹر نیشنل ریسلر شیر خان ،سابق قومی فٹ بالر عثمان غنی ،SHOبغدادی عبدالغفار کورائی اور دیگر موجود تھے،کمشنر کراچی اقبال میمن نے کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ شہر میں صحت مند سرگرمیوں خصوصا کھیلوں کے فروغ اور کھیلوں میں ٹیلنٹ کو متعارف کرانے کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات کے ساتھ شاہدہ پروین کیانی جیسی شخصیت بھی ہاتھ بٹا رہی ہیں انہوںنے کہاکہ فٹ بال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے شہر کراچی خصوصا لیاری میں فٹ بال میں بے حد ٹیلنٹ موجود ہے انہوںنے فٹ بال کھلاڑیوں اور منتظمین کو یقین دلا یا کہ کمشنر کراچی آفس شہر میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہا ہے اور اسپورٹس آرگنائزر کے اشتراک سے کرتا رہیگا ،کمشنر کراچی نے کہا کہ وہ جلد شہر کراچی کے کھیلوں کے میدانوں کا دورہ کرینگے کھیلوں کے میدانوں پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو قطعی برداشت نہیں کیا جائیگا اس موقع پر کمشنر کراچی اقبال میمن نے نوجوان کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور اپنی صحت کو توانا رکھنے کے لئے مثبت صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لیں انہوںنے کہاکہ سندھ حکومت اور کراچی انتظامیہ آپ سے مکمل تعاون اور سپورٹ جاری رکھے گی کمشنر کراچی اقبال میمن نے کھیلوں کی معروف سرپرست شاہدہ پروین کیانی اور تقریب کے اسپانسر غلام عباس جمال لا فرم سے اظہار تشکر کرتے ہوئے ان کے نیک جذبے کی تعریف کی ۔
