ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

حسنین کا باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار، بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر پابندی

کرکٹ آسٹریلیا کے ماہرین نے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد حسنین کے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا ہے جس کے بعد پی سی بی نے نوجوان کرکٹر کے بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگادی ہے۔

اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ 21 جنوری کو لاہور میں واقع انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے ایکریڈیٹڈ لیب میں کیا گیا تھا۔

بیان کے مطابق حسنین کے باؤلنگ ایکشن کا جائزہ لینے کے بعد پی سی بی کو کرکٹ آسٹریلیا سے ایک مفصل جائزہ رپورٹ آج موصول ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گڈ لینتھ اور فُل لینتھ، باؤنسر اور سلو باؤنسرکی ڈیلیوریز پھینکتے وقت حسنین کے بازو کا خم 15 ڈگری کی حد سے تجاوز کر رہا ہے۔

پی سی بی کے مطابق رپورٹ کا جائزہ لینے اور اپنے باؤلنگ ماہرین سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد اسے یقین ہے کہ فاسٹ باؤلر کے ایکشن میں یہ مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ پی سی بی اب ایک باؤلنگ کنسلٹنٹ کا تقرر کرے گا جو محمد حسنین کے ساتھ کام کرے گا تاکہ وہ اپنے باؤلنگ ایکشن کو درست کر سکیں اور دوبارہ جانچ کے لیے تیار ہوں۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ محمد حسنین پاکستان کا اثاثہ اور ان چند باؤلرز میں شامل ہیں جو تسلسل سے 145 کلومیٹر کی رفتار سے گیند پھینکتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کی تکنیکی کمیٹی کی سفارش پر پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ محمد حسنین کو لیگ میں مزید شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی باؤلنگ ایکشن قوانین کے تحت جب تک محمد حسنین دوبارہ اپنے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ کلیئر نہیں کرلیتے، وہ بین الاقوامی کرکٹ میں بھی باؤلنگ سے معطل رہیں گے۔

یاد رہے کہ 19جنوری کو محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن اس وقت مشکوک رپورٹ ہوا تھا جب وہ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں کھیل رہے تھے۔

حیدر آباد میں پیدا ہونے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر نے آسٹریلیا کی ٹی20 بگ بیش لیگ میں یادگار ڈیبیو کرتے ہوئے پہلے ہی اوور میں 3 وکٹیں لیتے ہوئے میچ میں 4چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔

آئی سی سی قوانین کے تحت باؤلر کا ایکشن 15 ڈگری کے زاویے کے اندر ہونا چاہیے۔

محمد حسنین، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ کا اہم حصہ تصور کیے جاتے ہیں اور اب تک 8 ون ڈے میچوں اور 18 ٹی 20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

منبع: ڈان نیوز

The post حسنین کا باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار، بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر پابندی appeared first on شفقنا اردو نیوز.

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں