اسلام آباد(اے پی پی)قوم ہر سال کی طرح اس سال بھی آج روایتی جوش و جذبے کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر منائے گی، اندرون و بیرون ملک 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ آج اندرون وبیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے کشمیری بہنوں اوربھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے آواز پوری دنیا تک پہنچائیں گے۔کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج پورے ملک میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔شاہراہ دستور اسلام آباد میں کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے ریلی نکالی جائے گی جس میں صدر مملکت،وفاقی وزرا،قومی اسمبلی و سینیٹ ارکان اور عوام شرکت کریں گے۔صدر پاکستان عارف علوی آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے۔صدر اور وزیر اعظم پاکستان اور صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی پیغامات نشر کیے جائیں گے۔بیرون ملک قائم پاکستانی مشنز یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے خصوصی ریلیاں، جلسوں، سیمینارز،تصویری نمائشوں کا انعقاد کررہے ہیں جن میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی اور بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔دریں اثنا یوم ِیکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت کے 5اگست 2019ء کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات عالمی قوانین بشمول اقوام متحدہ کے چارٹر، چوتھے جنیوا کنونشن اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں، عالمی قانون کے مطابق ریاست جموں و کشمیر کے متعلق حتمی فیصلہ صرف کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیرجانبدارانہ استصوابِ رائے کے جمہوری طریقہ کار کے ذریعے ہی کیا جائے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم کشمیریوں کو خودارادیت کے جائز حق کے حصول کے لیے بے مثال عزم پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ علاوزہ ازیں سینیٹ اجلاس کے دوران مقفبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی ۔عالمی برادری سے کشمیر عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
کراچی /لاہور(اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و جبر کا نشانہ بننے والے کشمیری عوام کی حمایت کے لیے جماعت اسلامی کے تحت آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔ سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمدؒ مرحوم کی طرف سے یوم یکجہتی کشمیر منانے کی روایت کا آغاز 1990ء میں ہوا تھا، جو گزشتہ 31برس سے جاری ہے۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر اور آزاد کشمیر میں ریلیاں اور جلسے جلوس نکالے جائیں گے جن میں تمام مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد لاکھوں کی تعداد میں شریک ہوں گے۔ ریلیوں میں خواتین، بچے اور بزرگوں کی بڑی تعداد کشمیریوں کی تحریک آزادی کے حق میں اور بھارتی ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کرے گی۔ جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت ریلیوں سے خطاب کرے گی۔ منصورہ سے جاری بیان میں قیصر شریف نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق پشاور میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کریں گے۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم لاہور، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد اسلام آباد ، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ملتان ، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ گوجرانوالہ، نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمداسلم فیصل آباد،نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو کراچی، نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اندرون سندھ، نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر ابراہیم خیبر پختونخوا ، نائب قیم جماعت اسلامی پاکستان محمد اصغر سیالکوٹ، امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نواب شاہ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کراچی، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری اوکاڑا، امیر جماعت اسلامی صوبہ شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم راولپنڈی، قیم جماعت اسلامی شمالی پنجاب محمد اقبال و صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر گوندل سرگودھا ، امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی کوئٹہ اور جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن گوادر میں یکجہتی کشمیر ریلیوں سے خطاب کریں گے۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی سندھ کے تحت آج یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں کراچی، حیدرآبا، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، تھرپارکر،نواب شاہ، میرپورخاص، گھوٹکی، خیرپور شکارپور،کندھ کوٹ اور ٹھٹھہ سمیت سندھ بھر میں ریلیاں، مظاہرے، ہاتھوں کی زنجیر اور سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔ جس سے جماعت اسلامی کے صوبائی ، ضلعی و مقامی قائدین خطاب کریں گے۔ بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے اور کشمیریوں پر بدترین مظالم کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کے تحت آج سہ پہر 4بجے جیل چورنگی تا مزار قائد یکجہتی کشمیر ریلی نکالی جائے گی، جس کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسداللہ بھٹو اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کریں گے۔