
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) جی سی یونیورسٹی حیدرآباد میں پہلی دو روزہ بین الاقوامی سیرت طیبہ کانفرنس 2022 ء کا انعقاد کیا گیا، ‘عالمی وبائی ماحول اور طبی قوانین سیرتِ طیبہ کی روشنی میں’ کے موضوع پر منعقدہ عالمی کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین نے مقالات پیش کیے.جی سی یونیورسٹی حیدرآباد کی پہلی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں مذکورہ بالا موضوع سے متعلق اہم مباحثے پر ملکی و غیر ملکی ارباب علم و دانش نے علمی و تحقیقی مقالات پیش کیے۔ بین الاقوامی کانفرنس کی صدارت جامعہ کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف کی جانب سے کی گئی،کانفرنس میں اساتذہ، محققین و دیگر مہمانان گرامی نے شرکت کی۔کانفرنس میں کورونا وباء کے دوران احتیاطی تدابیر کی تشکیل، اسلامی نظریاتی کونسل، عالمی وباء اور اس کے نفسیاتی اثرات، زمینی آلودگی اور اسلامی تعلیمات،وباء میں اسلامی تعلیمات کی اہمیت، ماحولیاتی آلودگی اور شجرکاری، پاکیزگی و صفائی ستھرائی کا نبیؐ کی سیرت کے تناظر میں رہنمائی، خواتین کی معاشرتی تربیتی ذمے داریاں، عہد نبوی کے اطباء اور طب نبوی ؐ سمیت دیگر40عنوانات پر مقالات پیش کیے گئے۔ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں ملائیشیا سے عبدالعزیز برگوٹ اور محمد ممتاز علی، ایران سے ڈاکٹر محمد یعقوب بشوی، آسٹریلیا سے ڈاکٹر شبیر احمد، سعودی عرب سے ارفع اریج شیخ اور ڈاکٹر میمونہ مرتضیٰ ملک، اسلامی نظریاتی کونسل کے سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرام الحق و دیگر ملکی و غیر ملکی 100 سے زائد محققین نے اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے۔ اس موقع پہ مقررین و محققین نے اس بات پہ زور دیا کہ بہتر و صحتمند معاشرہ کی تشکیل کے لیے سیرت النبی کا نفاذ زندگی میں ناگزیر ہے،کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے کہا کہ عالمی وبا کورونا نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک جامع مذہب ہے، جس میں عام بیماری سے وبا تک، ہر شعبے میں رہنما اصول بیان کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی سی یونیورسٹی میں مختصر عرصے میں بین الاقوامی کانفرنس کی کامیابی ہمارے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے کانفرنس کے اسکالرز کو خوش آمدید کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے کانفرنس کے آرگنائزر مخدوم محمد روشن صدیقی، شعبہ جنرل کی فیکلٹی اور دیگر کمیٹی کے ارکان کے محنت کو سراہا۔ کانفرنس کے مہمانان گرامی میں المنائی عبدالرحمان راجپوت، افضل گجر و دیگر شامل تھے۔