لاہور(نمائندہ خصوصی) اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایلکس ہیلزپاکستان سپرلیگ7کے بقیہ میچز سے دستبردار ہو گئے ہیں جبکہ ٹیم کے باقی4 اہم کھلاڑی بھی انجری کا شکار ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے لیگ کے اہم مرحلے میں ٹیم فٹنس مسائل سے دوچار ہو گئی ہے ۔ترجمان اسلام آباد یونائٹیڈ کے مطابق ایلکس ہیلز ذاتی وجوہا ت کی بنا پروطن واپس لوٹ رہے ہیں۔ وہ آئندہ میچز میں اسلام آباد یونائٹیڈ کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ہماری نیک تمنائیں ایلکس ہیلز کے ساتھ ہیں۔پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر موجود اسلام آباد یونائٹیڈ کی جیت میں اوپنر ایلکس ہیلز نے اہم کردار اداکیا۔انگلش کرکٹرز کے اچانک ٹیم چھوڑجانے کی مزید تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان سمیت 3کھلاڑی انجری کا شکار ہو گئے ہیں جبکہ کولن منرو بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہیں۔پی ایس ایل سیون میں اسلام آباد یونائیٹڈ اہم کھلاڑیوں کی ممکنہ عدم دستیابی کے باعث مشکلات میں پڑ سکتی ہے۔شاداب خان گزشتہ روز میچ میں انجری کا شکار ہوئے۔فاسٹ بولر ذیشان ضمیر کو سائیڈ اسٹرین ہے اور محمد اخلاق کو ٹانگ پر گیند لگی تھی۔کولن منرو بھی بیٹنگ کے دوران تکلیف محسوس کر رہے ہیں ان کا میڈیکل چیک اپ کیا جا رہا ہے۔ پلیئرز کی میڈیکل رپورٹ کے بعد ہی اسلام آباد یونائیٹڈ اگلی حکمت عملی کا اعلان کرے گی۔
