ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پیٹرول کی قیمت میں 12 روپےکا اضافہ: ‘آپ نے بھروانا نہیں ہے’، سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد مہنگائی میں بھی مزید اضافے کے خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

حکومتِ پاکستان نے پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے تین پیسے، ڈیزل نو روپے 53 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے آٹھ پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد بدھ سے شہریوں کوایک لیٹر پیٹرول 159 روپے 86 پیسے، ڈیزل 154 روپے 15 پیسے اور مٹی کا تیل 126 روپے 56 پیسے میں دستیاب ہو گا ۔

حکومت کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں حالیہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہے جس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ تاہم عوام شکوہ کر رہے ہیں کہ حکومت کا کام اپنے شہریوں کو ان مشکلات سے نکالنا کا بھی ہے۔

تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سوشل میڈیا پر جہاں حکومت سے ان قیمتوں کو واپس لینے کے مطالبات کیے جا رہے ہیں وہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے طنز، تنقید اور غصے سے بھری میمز بھی وائرل ہیں۔

عمر نامی صارف کہتے ہیں وزیرِ اعظم عمران خان ماہرِ ماحولیات ہیں اور وہ ہمیشہ آگے کا دیکھتے ہیں۔ ان کے بقول تیل کی قیمتوں میں اضافے سے آلودگی میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

پیپلز پارٹی کی رہنما اور قومی اسمبلی کی رکن ناز بلوچ کہتی ہیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پاکستان کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے اضافے سے ملک میں مزید مہنگائی آئے گی اور اس سے سب سے زیادہ عام افراد متاثر ہوں گے۔

سید ارحم کہتے ہیں سر عمران خان آپ متوسط طبقے کا معاشی قتل کرنے جا رہے ہیں۔ آپ اپنے حصہ کا 50 فی صد کام مکمل کر چکے ہیں اور بقیہ کام ہو رہا ہے۔

پاکستان میں سوشل میڈیا پر ‘پیٹرول پرائس’ کا ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے جس میں مختلف میمز بھی شیئر کی جا رہی ہیں۔

ایک صارف نے عمران خان کے مشہورِ زمانہ فقرے ‘آپ کو گھبرانا نہیں ہے’ سے اخذ کردہ میم شیئر کی۔ اس میم میں عمران خان کے فقرے سے گھبرانا حذف کر کے اس کی جگہ بھروانا کر دیا گیا ہے۔ جس کے بعد جملہ کچھ اس طرح ہو گیا ہے۔ ‘آپ کو بھروانا نہیں ہے۔’

میاں عمر نامی صارف نے ڈاٹس گیم کی میم شیئر کرتے ہوئے اس پر تبصرہ کیا کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کا معیار کچھ اس طرح ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے اضافے کے بعد عوام کے لیے صبر کارڈ جاری کر دیا ہے۔

فرضی نام سے موجود ایک ٹوئٹر صارف نے میم شیئر کی جس پر تحریر تھا ‘آپ سے اچھی امید کی تھی ہم نے۔’

ہانی نامی صارف نے ایک شخص کی سائیکل چلاتے ہوئے تصویر شیئر کی اور اس پر لکھا کہ یہ دن زیادہ دور نہیں۔

ایک ٹوئٹر صارف نے میم شیئر کی اور اس پر لکھا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد لوگ عمران خان کو برا بھلا کہہ رہے ہیں اور عمران خان کہتے ہیں کچھ سنائی نہیں دے رہا زرا زور سے بولیے۔

ایک میم میں کہا گیا کہ ان دنوں بہترین تحفہ پیٹرول دینا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں