ملتان: وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں احتساب سے بچنے کے لیے اکٹھی ہو رہی ہیں ۔ اپوزیشن جماعتیں جتنا مرضی اکٹھی ہو جائے اپوزیشن کو اپنے ایجنڈے میں ناکامی ہوگی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اقتدار سے باہر بیٹھی ہوئی جماعتوں کو انتظار کرنا ہوگا۔ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ پی پی ن لیگ دونوں نے عوام کو مایوس کیا۔ دونوںجماعتیں چاہتی تو پاکستان کی تقدیر بدل سکتی تھیں۔ دونو ں جماعتوں کی قیادت نے عوام کو سنہری خواب دکھائے ۔ خالی او رجھوٹے نعرے لگائے۔ عوام کا جھوٹے نعروں سے پیٹ نہیں بھرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو مسٹر ٹین پرسنٹ اور علاج کے بہانے بیرون ملک فرار ہونے والی قیادت قبول نہیں۔ عوام جان چکے ہیں دونوں جماعتیں اقتدار ہو تو پاکستان اور اقتدارکے بعد بیرون ملک ان کی منزل ہوتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اقتدار میں بھی عوام کے ساتھ ہیں اور اقتدار کے بعد بھی عوام کے ساتھ ہونگے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عوام اب ان لٹیروں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ عوام اپوزیشن کی کال پر سڑکوں پر نہیں نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کرپشن اور لٹیروں کے خلاف جنگ کررہی ہے۔ اپوزیشن کی سیاست مفادات اور اقتدار کی سیاست ہے ۔ تحریک انصاف کو اقتدار کی ہوس نہیں۔ ہم کرپٹ اور فرسودہ نظام کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ ہم ملک اور قوم کے لیے سیاست کررہے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایسے نظام کی بنیاد رکھنا چاہتے ہیں جس میں کرپشن کی دلدل نہ ہو۔ ہم ایک ایسے نظام کی بنیاد رکھنا چاہتے ہیں جس میں انصاف کا بول بالا ہو۔ ہم ایک ایسے نظام کی بنیاد رکھنا چاہتے ہیں جس میں میرٹ اور گورننس کی جھلک ہو ۔