ماتلی (نمائندہ جسارت)ماتلی کے عوام شدید لوڈشیڈنگ کا عذاب بھگت رہے ہیں، غیر اعلانیہ اور من مانی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے اور اس میں اضافہ ہر ماہ 15 تاریخ کے بعد مہینے کے آخر تک جاری رہتا ہے جو کہ چوری کرائے گئے لوڈ کو مینیج کرنے کیلیے ہوتا ہے، حیسکو والے عوام کو الو سمجھتے ہیں کیونکہ شریف عوام کا کوئی احتجاج دیکھنے کو نہیں ملتا ۔لوڈ شیڈنگ کا یہ عالم ہے کہ 5،5 گھنٹے لگاتار بجلی بند رہتی ہے اور مجموعی طور پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ روزانہ 11 گھنٹے سے تجاوز کر جاتا ہے، مقامی حیسکو ذمے داران کو کوئی کہنے سننے والا نہیں شریف شہری عذاب بھگت رہے ہیں، شہر کے ہر علاقے میں کنڈا سسٹم دھڑلے سے چل رہا ہے انہیں کوئی حیسکو اہلکار نہیں ہٹاتا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ کنڈے حیسکو والوں سے ماہانہ طے شدہ رقم کے عوض لگائے گئے ہیں، عوام موجودہ ایس ڈی او کو کرپٹ ترین افسر گردانتے ہیں۔ عوام نے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر توانائی فوری نوٹس لے کر ایکشن لیں اور حیسکو حکام کا محاسبہ کریں ورنہ یہ ظالم لوگ گرمی میں عوام کو اور عذاب میں ڈال دیں گے۔