اسلام آباد(صباح نیوز)قانون کے بار ے میں پارلیمانی سیکرٹری ملیکہ بخاری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کیخلاف گزشتہ برس سینیٹ کی نشست پر ان کے انتخاب پر دائر درخواست کی فوری سماعت کی جائے۔پارٹی رہنماوں کے ساتھ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی نشست پر یوسف رضا گیلانی کا انتخاب جمہوری نظام پر ایک سوالیہ نشان ہے ۔تحریک انصاف کی
رہنما کنول شوزب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو اس مقدمے میں تاخیری حربے استعمال نہیں کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ ایک وڈیو میں نظر آرہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادہ سینیٹ الیکشن سے پہلے ووٹ خریدرہے ہیں۔تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ نے کہا کہ ان کی جماعت آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ اس مقدمے کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔