سڈنی(جسارت نیوز)کرکٹ آسٹریلیا نے دورہ پاکستان کیلیے 16رکنی وائٹ بال اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ایرون فنچ اسکواڈ کی قیادت کریں گے جب کہ شین ایبٹ، آشٹن اگر، جیسن بہرنڈورف، الیکس کیری، نیتھن ایلس کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ کیمرون گرین، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، مارنوس لابوشین، مچل مارش، بین میکڈرمٹ، کین رچرڈسن، اسٹیو اسمتھ، مارکس اسٹوئنس اور ایڈم زمپا بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ڈیوڈ وارنر ،گلین میکسویل، مچل اسٹارک ،پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ وائٹ بال اسکواڈ میں شامل نہیں ۔چیئرمین نیشنل سلیکشن پینل جارج بیلی کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستان کے ٹور کے لیے باصلاحیت اور ورسٹائل اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اگلے ورلڈ کپ کے لیے ون ڈے تشکیل دینے کے عمل سے گزر رہے ہیں۔دوسری طرف بھارتی لیگ کھیلنے والے آسٹریلوی کرکٹرز پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20سے دستبردار ہوگئے، آسٹریلوی ٹیم 24سال بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے ۔پیسے کی لالچ یا پھر بھارتی سازش کا کمال ہے، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی دشمن پڑوسی ملک کو ہضم نہ ہوسکی۔ آئی پی ایل کھیلنے والے آسٹریلوی کرکٹرز پاکستان کے خلاف وائٹ بال سیریز سے دستبردار ہوگئے۔ آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز اور جوش ہیزل نے بھی آئی پی ایل کھیلنے کی غرض سے عدم دستیابی ظاہر کی ہے۔اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کھیلنے والے کھلاڑی لیام لیونگسٹن اور ایلکس ہیلز بھی آئی پی ایل میں منتخب ہونے کے بعد سپر لیگ سے دستبردار ہوگئے تھے۔ بھارتی لیگ کا آغاز مارچ کے آخری ہفتے میں ہونے کا امکان ہے۔اس ضمن میں آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر جارج بیلی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں سے غیر حاضر رہنے والے بڑے بڑے کھلاڑیوں کو انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائزز کے لیے اس وقت تک ریلیز نہیں کیا جائے گا جب تک آسٹریلین ٹیم انٹرنیشنل میچز کھیل رہی ہوگی ۔آسٹریلین چیف سلیکٹر جارج بیلی جنہوں نے 50سے زیادہ محدود اوورز کے بین الاقوامی میچوں میں آسٹریلیا کی کپتانی کی ، سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں یہ مسئلہ نظر آیا کہ کھلاڑی وائٹ بال میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی نہیں کر رہے لیکن آئی پی ایل کے لیے تیار ہیں ؟۔ سوال کے جواب میں جارج بیلی کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک طویل عرصے کے دوران اپنے ملٹی فارمیٹ کے کھلاڑیوں کے ساتھ بہت محنت کی ہے۔جس چیز کو ہم واقعی یقینی بنانا چاہتے ہیں وہ یہ ہے کہ ہم اپنے بہترین آسٹریلوی کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ آسٹریلیا کے لیے کھیلتا دیکھیں۔ واضح رہے کہ تین میچز پر مشتمل ایک روزہ میچز کی سیریز راولپنڈی میں کھیلی جائے گی جس میں 29، 31مارچ اور 2 اپریل کو دونوں ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔5اپریل کو واحد ٹی ٹوئنٹی کھیلا جائے گا، آسٹریلیا نے پاکستان میں 3 ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی میچ کھیلنا ہے۔آسٹریلیا ٹیسٹ اسکواڈ کی پاکستان آمد27فروری کو شیڈولڈ ہے۔