ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

افسران ویکسی نیشن کیلیے سنجیحدگی سے اپنے فرائض ادا کریں،ندیم الرحمن

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمن میمن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کے لیے دلچسپی اور سنجیدگی سے اپنے فرائض ادا کریں ۔ کمشنر حیدرآباد نے ہدایت کی کہ ضلع میں کورونا ویکسی نیشن کی شرح 42 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد کی جائے تاکہ کسی بھی قسم کی خطرناک صورتحال سے بچا جا سکے کیوں کہ ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں کہ کورونا وائرس پھیلے اور ہم اسپتالوں میں لوگوں کو علاج کی سہولیات فراہم کر سکیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے بھی 100 فیصد نتائج حاصل کرنے کے حوالے سے تمام متعلقہ افسران اپنا کردار سنجیدگی اور جانفشانی سے ادا کریں تاکہ جامشورو ضلع ہر وبائی امراض سے محفوظ رہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ایگریکلچر انکم ٹیکس کی وصولیوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پوٹینشل اسیسیز کو بڑھایا جائے کیوں کہ جامشورو ضلع وزیر اعلیٰ سندھ کا ضلع ہے اور سی ایم ایگریکلچر انکم ٹیکس وصولیوں کو بہتر بنانے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وصولیوں کے نظام کی بہتری سے سندھ حکومت کو فائدہ ہوگا جو ہم سب کے لیے بہتر ہے اس لیے تعلقہ کے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیار کار میوٹیشن کے ساتھ ساتھ زرعی وصولیوں پر بھی توجہ دیں۔ کمشنر حیدرآباد نے محکمہ زکوات کے امور کو بہتر بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ افسران سے اجلاس منعقد کر کے تمام اُمور حل کریں تاکہ غریب مستحقین تک زکوٰۃ کی رسائی آسانی سے ہو سکے۔ڈویژنل کمشنر ندیم الرحمن میمن نے متعلقہ افسران کو یقین دلایا کہ سہولیات کی فراہمی کیلیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن ریٹائرڈ فریدالدین مصطفی نے ڈویژنل کمشنر کو جامشورو میں ترقیاتی اسکیموں، تعلیم، صحت اور ثقافت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ضلع میں سندھ حکومت کی جانب سے کئی میگا پروجیکٹس جاری ہیں جن کی تکمیل سے عوام الناس کو براہ راست فائدہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ جامشورو سندھ کا اہم ضلع ہے جہاں حضرت لعل شھباز قلندر کا مزار اور ہر سال لاکھوں کی تعداد میں زائرین اپنی عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے آتے ہیں اس سال بھی مارچ کے آخری ہفتے میں لعل شہباز قلندر کا عرس منعقد کیا جائے گا جس کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتا یا کہ لوگوں کو اعلی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے سندھ کی 3 بڑی یونیورسٹیز مہران، سندھ اور لیاقت میڈیکل یونیورسٹی موجود ہیں جن سے ہر سال سیکڑوں نوجوان ڈگریاں حاصل کر کے اپنا کیریئر بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ کھیر تھر نیشنل پارک موجود ہیں جوسیاحوں کے لیے ایک اچھی تفریح گاہ ہے۔ ضلع میں جمع بندی اور دیگر زرعی وصولیوں کا کام بھی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں انکروچمنٹ ڈرائیو کے ذریعے ضلع بھر سے تجاوزات کا کافی حد تک خاتمہ کردیا گیا ہے، جبکہ لوگوں کے مسائل کے حل کیلیے ضلع بھر میں اوپن کچہریاں منعقد کی جاتی ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں