ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بدین میں ترقیاتی منصوبوں کیلیے ماسٹر پلان مرتب کیا ہے،ضیاء عباس،

بدین (نمائندہ جسارت ) صوبائی وزیر محکمہ ورکس اینڈ سروسز سید ضیا عباس شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی ہدایت پر ضلع بدین میں ترقیاتی منصوبوں کے ضمن میں ماسٹر پلان مرتب کیا جا رہا ہے جس میں لنک روڈز، سڑکیں اور واٹر سپلائی کی اسکیمیں شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پروونشل ورکس اینڈ سروسز ڈپارٹمنٹ کے تحت تعلقہ ماتلی میں 2 سڑکوں کی بحالی کے کاموں کے مکمل ہونے پر افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ پروونشل ہائی ویز ایم اینڈ آر کے تحت ٹنڈو غلام علی روڑ سے گوٹھ گل محمد مگریو تک 12 کلومیٹر جبکہ اے ڈی پی کے تحت 2 فیزز میں ٹنڈو غلام علی روڑ سے ایوب کالرو موری تک 35 کلومیٹر تک روڑ بنایا جائے گا پہلے فیز میں عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے 5 کلومیٹر روڈ کا افتتاح کیا گیا ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 27 فروری کو چیئرمین بلاول زرداری کی قیادت میں عوام کے مسائل کے حل اور نااہل، سلیکٹیڈ حکمرانوں سے جان چھڑانے کے لیے عوامی لانگ مارچ کیا جا رہا ہے۔ سید ضیا عباس شاہ نے کہا کہ ایک نااہل سلیکٹڈ وزیراعظم عوام پر مسلط ہے آج غریب آدمی سہولیات سے جتنا محروم ہے اتنا کبھی نہیں تھا، معاشی حالات سنگین سے سنگین ہوتے جا رہے ہیں، بیروزگاری، مہنگائی بڑھ رہی ہے اور لوگ خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خوشحالی لانے کہ لیے حقیقی جمہوری حکومت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی عوام کو روزگار ،ریلیف فراہم اور ملک میں ترقی ،خوشحالی آئی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بہت جلد سندھ حکومت محکمہ تعلیم میں 35 ہزار لوگوں کو میرٹ پر روزگار فراہم کر رہی ہے جبکہ کچھ قانون مسائل کے حل کے بعد ڈیڑھ سے 2 لاکھ بے روزگار افراد کو میرٹ کی بنیاد روزگار فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ،شہید بے نظیر بھٹو کی طرح چیئرمین بلاول زرداری بھی عوامی احساسات رکھتے ہیں اور عوامی امنگوں پر مبنی سیاست کرتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول زرداری کا پہلے بھی یہ مؤقف تھا کہ اس حکومت کو جمہوری طریقہ سے ہی ہٹایا جائے جبکہ آج تمام اپوزیشن جماعتیں اس بات پر متفق اور پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں