حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) قاسم آباد اور لطیف آباد کی 3 شاہراہوں پر تعمیراتی کام ناہونے اور ترقیاتی کاموں میں کرپشن کے خلاف درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ سرکٹ بینچ میں جسٹس محمد سلیم جیسر اور جسٹس عمر سیال نے کی۔ عدالت کی جانب سے چیف سیکرٹری سندھ، سیکرٹری ورکس اینڈ سروس، چیف انجینئر ہائی ویز، کمشنر حیدرآباد ودیگر فریقین کو نوٹس جاری۔ پیش ہونے کا حکم درخواست گزار سیکرٹری جنرل فنکشنل لیگ حیدرآباد رفیق مگسی نے اپنے وکیل چودھری ظفراللہ اور محمد علیم کی معرفت درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آٹوبھان سے بھٹی چوک لطیف آباد، علی پلس سے علمدار چوک اور پونم پمپ سے بائی پاس قاسم آباد کی سڑکیں 3 ماہ میں مکمل ہونی تھی۔ اپریل 2021 سے اگست تک منصوبہ 10 ماہ گزر جانے کے باوجود بھی مکمل نہ ہوسکا،سڑکیں وقت پر تعمیر ناہونے کی وجہ سے ٹریفک جام،دھول مٹی اور گڑھوں کی وجہ سے عوام پریشان ہیں شہر کی متعلقہ سڑکوں پر سیشن جج کی نگرانی میں تعمیراتی کام کروایا جائے عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔ عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ، سیکرٹری ورکس اینڈ سروس سندھ، چیف انجینئر ہائی ویز،کمشنر حیدرآباد ودیگر کو 12 مارچ کو طلب کرلیا۔