لاہور: وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ نظریات میں اختلافات ہوسکتے ہیں اس میں غلط بات نہیں، علیم خان عمران خان کے قریب ساتھی رہے ہیں، گھر میں دو بھائیوں میں بھی اختلاف ہوتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما علیم خان کی ترین گروپ میں شمولیت پر معاون خصوصی شہباز گل کا ردعمل آگیا دیتے ہوئے کہا کہ علیم خان ہمارے بھائی ہیں، پارٹی کا حصہ تھے اور رہیں گے، گورننس کے پہلو دیکھیں گے کہاں کہاں بہتری کرنی ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ علیم خان نے پارٹی کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، بھائیوں میں دراڑ نہیں پڑ سکتی دوستوں میں پڑ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے ہوسکتا ہے وہ پہلے بھی ہمارے بازو تھے آج بھی ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، عدم اعتماد اپوزیشن کے گلے کا پھندہ بن گیا ہے، ملک کے طول و ارض سے یہ رپورٹ ہوا ہے کہ عوام اپوزیشن کے ساتھ نہیں نکلی، اپوزیشن نے پنگا لے لیا ہے، یہ پنگا ان کے گلے کا پھندہ ثابت ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اب اپوزیشن کو آرام سے گھر نہیں جانے دیں گے، جب یہ واپس جائیں گے تو وقت ضائع کرنے پر عوام انہیں پھولوں کے ہار نہیں پہنائیں گے، یہ چھپ کر پتلی گلی سے نکلنا چاہیں گے، ہم عوام اور پوری دنیا کو بتائیں گے کہ جو یہ عدم اعتماد اور لانگ مارچ کیلئے نکلے ہیں ان کے پلے کیا رہ گیا ہے۔