کراچی(نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اسلام ہی عورت کے تحفظ اور حقوق کا ضامن ہے، اسلام سے قبل بچیوں کو زندہ زمین میں درگور کیا جاتا تھا مگر اسلام نے اس کو وراثت میں حصہ دینے کا حق، گھر کی ملکہ ، تحفظ واحترام کا اعلیٰ مقام دیا دوسری طرف مغرب خواتین کے حقوق کے نام پر عورت کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کررہا ہے۔صوبائی
امیر نے خواتین کے عالمی دن ’’یومِ حقوق نسواں‘‘ کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں مزید کہا کہ مادرپدر آزادی، عورت کوکھلونا اور کاروبار واشتہار کی زینت بنانے سے نہیں بلکہ حیا وحجاب کے کلچر کو فروغ دینے سے ہی عورت کو تحفظ اور عزت واحترام کا مقام مل سکتا ہے کیونکہ حیا وحجاب ہی عورت کے تحفظ کی ضمانت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے مرد وعورت پرتعلیم حاصل کرنا لازمی قرارد یا ہے ،حضرت عائشہ ؓ اسلامی تعلیم وفقہ میں مردوں سے زیادہ علم رکھتی تھیں۔