ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

“اپوزیشن کے کسی الٹی میٹم سے خوفزدہ نہیں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے”

ملتان:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا آئینی حق ہے،ہم،آئینی، قانونی اور سیاسی انداز میں ان کا مقابلہ کریں گے۔ان کے کسی الٹی میٹم سے خوفزدہ نہیں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اپنی بقاکی لڑائی لڑرہی ہے،پیپلزپارٹی ملک نہیں اپنی تجوری بچانے کیلئے نکلی ہے،چودھری برادران کے ساتھ بہت وقت گزارا ہے وہ کمٹمنٹ نبھانے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ان اقدامات کے پیچھے جومحرکات ہیں ان سے وزیراعظم کوآگاہ کیاہے،کیونکہ اپوزیشن کی تحریک سے متعلق میری کچھ معلومات ہیں اور ان معلومات سے متعلق قوم کوجلدآگاہ کروں گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام کو غور و فکر کرنا چاہیے کہ اس کی ٹائمنگ درست ہے یاغلط کیونکہ انکا منشور ایک نہیں ،یہ ایک دوسرے پر بھی اعتماد نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ انہیں اگر عوام کا درد ہوتا تو ملک نہ لوٹتے ، اداروں کو تباہ نہ کرتے اور سندھ کا اس قدر حلیہ نہ بگاڑ دیتے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک نہیں اپنی تجوری بچانے کیلئے نکلی ہے ان کے مارچ میں زیادہ تر لوگ سندھ سے لائے گئے ہیں جنہیں 30،30 ہزار روپے کا پیکج دیا گیا ہے۔اپوزیشن نے ذاتی مفادات کو سامنے رکھ کر تحریک عدم اعتماد جمع کرائی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے پارٹی کے تمام ممبران صحیح فیصلہ کریں گے اور عمران خان کے فیصلوں میں ان کا ساتھ دیں گے، چودھری برادران کے ساتھ بہت وقت گزارا ہے وہ کمٹمنٹ نبھانے والے ہیں، چودھری برادران سے ہاتھ نہ کیا جائے تو یہ اپنی کمٹمنٹ نبھاتے ہیں،ن لیگ نے اگر چودھری برادران کے اعتماد کو ٹھیس نہ پہنچائی ہوتی تو چودھری برادران سے اپنی راہ جدا نہ کرتے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں