حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ایس ایس پی حیدرآباد کا ایکسپو سینٹر میں جاری 2 روزہ ہینڈی کرافٹ و چوڑی سازی کی نمائشی تقریب کا دورہ ۔ایس ایس پی حیدرآباد ساجد امیر سدوزئی نے ایکسپو سینٹر میں حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے اشتراک سے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی حیدرآباد کی جانب سے جاری 2 روزہ ہینڈی کرافٹس و چوڑی سازی کی نمائش کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ،ا س موقع پر صدر چیمبر محمد الطاف میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی عاشق حسین کھوسو، تاجروں، طلبہ و طالبات سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت
کی۔ایس ایس پی حیدرآباد نے ایکسپو سینٹر میں لگائے گئے چوڑی سازی اور دستکاری ملبوسات کے اسٹالز کا تفصیلی دورہ کیا وہاں موجود طلبہ و طالبات سے ملاقات کی ان سے بات چیت کرتے ہوئے انکی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی حیدرآباد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی نمائشی تقریب کے انعقاد سے جہاں طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے وہاں تجارت کو بھی فروغ ملتا ہے چونکہ چوڑی سازی اور دستکاری ملبوسات حیدرآباد کی تجارتی پہچان سمجھی جاتی ہیں لہذا اس طرح کی نمائش سے حیدرآباد کی تجارت کو مزید فروغ ملتا ہے اور تاجروں کیلیے بھی کئی مواقع ملتے ہیں کہ وہ چوڑی سازی اور دستکاری ملبوسات کی صنعت کو صوبائی اور بین الاقوامی سطح پر لے جاسکیں۔