راولپنڈی(سید وزیر علی قادری)پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین “بینو قادر ٹرافی “سیریز کیلئے 3میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ پاکستان کی پہلی اننگز 476کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 459رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔پاکستان اسپنر نعمان علی نے6کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف اوپنرز کے عمدہ کھیل کی بدولت 51سال پرانا ریکارڈ توڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کردی۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا پر منتج ہوا لیکن اس میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے شادار بیٹنگ کرتے ہوئے نت نئے ریکارڈز قائم کر دیے۔ آسٹریلیا کے خلاف میچ کی پہلی اننگز میں 105رنز کی اوپننگ شراکت قائم کرنے والے پاکستانی اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچریاں اسکور کیں اور 250رنز سے زائد کی ساجھے داری بنائی۔میچ کی دونوں اننگز میں سنچری شراکت کی بدولت پاکستان کے اوپنرز نے 51سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔یہ 51سال میں پہلا موقع ہے کہ آسٹریلین بولرز کے خلاف کسی ٹیم نے دونوں اننگز میں سنچری شراکت قائم کی ہے۔اس سے قبل 1971میں انگلینڈ کے جیفری بائیکاٹ اور جان ایڈرچ نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔اس کے علاوہ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں محض دوسرا موقع ہے کہ کسی ٹیسٹ میچ میں تین سنچری اوپننگ شراکت اسکور ہوئی ہوں۔اس سے قبل کرکٹ کی تاریخ میں ایسا محض ایک بار 1947 میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں ہوا تھا ۔مذکورہ ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے پہلی اننگز کے اسکور 476 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 459 رنزب بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی۔آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ نے 97، ڈیوڈ وارنر نے 68، مارنس لبوشین نے 90 اور اسٹیو اسمتھ نے 78رنز کی اننگز کھیلی اور یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں محض دوسرا موقع ہے کہ آسٹریلیا کے ابتدائی چار بلے بازوں نے نصف سنچری اسکور کی ہوں۔اس سے قبل ایسا محض ایک بار 2008کے دہلی ٹیسٹ میں ہوا تھا جب میتھیو ہیڈن، سائمن کیٹچ، رکی پونٹنگ اور مائیکل ہسی نے بھارت کے خلاف نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔پاکستان نے دوسری اننگز میںپاکستانی اوپنرز امام الحق اور عبداللہ شفیق کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بغیر کسی نقصان کے 252رنز بنائے۔ عبداللہ شفیق 136اور امام الحق 111رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔امام الحق کو میچ کی دونوں اننگز میں 268رنز بنانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔ دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ12مارچ سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا جسکے بعد3ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی راولپنڈی میں ہی کھیلا جائیگا۔