لاہور(نمائندہ جسارت) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ کچھ خواتین حقوق کے نام پر ایک سرمایہ دارانہ تہذیب کو فروغ دینا چاہتی ہیں، یہ ایجنڈا بردار چند خواتین ہیں۔ مسلمان باعزت خواتین ان کے ایجنڈے کو بے نقاب کر رہی ہیں۔ یوم خواتین کو یوم حیا کے طور پر پوری دنیا میں منایا جا رہا ہے۔ حیا میں انسانیت ہے اور خواتین معاشرے میں تہذیب اور کلچر کی حفاظت کا ذریعہ ہیں۔ ہمارا ایمان ہے کہ عورت اور مرد برابر ہیں، دائرہ کار میں فرق ہے۔ اسلام میں جس طرح مرد کو بعض امور میں فضیلت ہے، اسی طرح عورت کو بھی ہے۔ حیا اور پاکیزگی کی حفاظت خواتین نے ہر دور میں کی ہے۔ حیا سے قوموں کی عزت و ناموس کی پاسداری ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام ناصر باغ سے کچہری چوک تک حقوق نسواں واک سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد، علامہ جواد نقوی، علامہ راغب نعیمی، ربیعہ طارق، عافیہ سرور، ڈاکٹر زبیدہ جبین اور نبیرہ نعیمی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔امیر العظیم نے کہا کہ پوری دنیا کی خواتین سرمایہ دارانہ نظام کی بدولت پس رہی ہیں۔ خواتین کو اشتہاروں کی زینت بنایا جا رہا ہے اور ان کے جسموں کی رونمائی کی جا رہی ہے۔ عنقریب وہ وقت آنے والا ہے کہ یورپ کی خواتین بھی سڑکوں پر نکلیں گی اور عورت کو اظہار جنس بنانے کے خلاف صف آرا ہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ ملک کو مدینے کی ریاست بنانے والے ملک میں بے حیائی کے کلچر کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ مغرب نے عورت سے عزت و وقار چھین لیا ہے۔ پاکستان کی باحیا خواتین اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کر رہی ہیں۔ ملک میں فرسودہ رسومات کا خاتمہ کیا جائے، عورت کو عزت و ا حترام دیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ دین اسلام خواتین کے حقوق کا مکمل ضامن ہے، ملک کو اسلامی نظام کی ضرورت ہے۔جامعہ نعیمیہ کے مہتمم علامہ راغب نعیمی نے کہا کہ اسلام نے 14سو سال قبل اپنے پیروکاروں کو عورت کے تحفظ کا حکم دیا۔ حضرت محمدؐ کو عورتوں، یتیم بچیوں اور بیوائوں کے تحفظ کا احساس اس قدر تھا کہ اپنی رحلت کے وقت بھی وہ اپنے صحابہؓ کو عورتوں کے ساتھ نرمی سے پیش آنے کی تلقین فرما رہے تھے۔ جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے سربراہ علامہ جواد نقوی نے ریلی کی شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغرب کی پروردہ این جی اوز عورت کے حقوق کے نام پر ملک کی اسلامی شناخت پر حملہ آور ہیں، لیکن اسلامیان پاکستان کی بیٹیاں ان مغرب زدہ عورتوں کے ایجنڈے کو ناکام بنا دیں گی۔