کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپورٹس فار آل نے ٹیلنٹ ہنٹ2022کے آغاز کاا علان کر دیا ،میگا ٹرائلز کا آغاز تیر اندازی کے کھیل سے ہوگا ،کراچی کے تمام علاقوں سے با صلاحیت کھلاڑیوں کو ٹرائلز میں پرکھا جائے گا ،یہ بات اسپورٹس فار آل کے چیئر مین شاہد ہاشمی نے چیئر مین پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے انور بھٹی سے ملاقات کے موقع پر کہی ۔شاہد ہاشمی نے ملاقات میں پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے چیئرمین انور بھٹی کو اسپورٹس فار آل کے بارے میں تفصیلی بریف کیا اور خاص طور پر ٹیلنٹ ہنٹ2022کے بارے میں آگاہی فراہم کی ۔انہوں نے بتایا کہ ٹیلنٹ ہنٹ2022کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے ۔اس ضمن میں پروگرام کے مطابق میگا ٹرائلز کا آغاز آرچری سے کیا جائے گا اس سلسلے میں بھر پور تیاری جاری ہے ۔کراچی میں تیر اندازی کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور گزشتہ ایک سے 2سال میں شہر قائد میں آرچری کے کئی ایونٹس تواتر سے منعقد ہو رہے ہیں اس لئے ہمیں امید ہے کہ آرچری کے میگا ٹرائلز میں کھلاڑی بھر پور شرکت کریں گے ۔