اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلوں کی رونقیں کئی سال بعد بحال ہونا شروع ہو گئیں ۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے میڈیا ترجمان نے بتایا کہ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی خصوصی ہدایت پر بین الاقوامی سطح پر کھیلے جانے والے کھیلوں کے مقابلوں کی تیاری کے سلسلے میں تربیتی کیمپ لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔ کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں میں کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز،اسلامک سالیڈیٹری گیمز اور سائوتھ ایشین گیمز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں مختلف 9 کھیلوں کے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ اسلام آباد اور لاہور میں لگائے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں والی بال، کراٹے،تائیکوانڈو اور ہینڈبال جبکہ لاہور میں ووشو، ہاکی کے تربیتی کیمپ شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آئندہ سال کھیلے جانے والے سائوتھ ایشین گیمز کی میزبانی کررہا ہے جس کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں۔