کراچی (اسٹاف رپورٹر) محمود آباد محمدن فٹبال کلب کے زیر اہتمام ریبان ایف سی اور عبدل ایف سی کے تعاون سے پہلا آل کراچی شہید قمر شاہ میموریل فٹبال ٹورنامنٹ محمود آباد فٹبال گرائونڈ ، گرین بیلٹ میں شروع ہوگیا جس میں کراچی کی 128 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں ۔ روزانہ 2 میچ کھیلے جائیں گے۔ ناک آئوٹ کی بنیاد پر ہونے والے ایونٹ میں افتتاحی میچ میں قذافی گرین نے چینسر محمدن کو پنلٹی کک پر 5-4 سے شکست دے دی۔ دوسرے میچ میں شہزاد محمدن ایف سی نے الشہباز کورنگی کو پنالٹی کک پر 4-1 سے ہرادیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ممتاز کاروباری شخصیت سید ساجد شاہ تھے۔ اس موقع پر انہوں نے گیند کو کک لگا کر ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا اور ٹورنامنٹ کمیٹی کو 50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سید ساجد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ صوبائی مشیر کھیل ارباب لطف اللہ اور سیکریٹری اسپورٹس ،محمود آباد فٹبال گرائونڈ کی تعمیر و ترقی اور فیلڈ لائٹس لگوائیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے گرائونڈ آباد کرنے سے نئی نسل کو برائیوں سے بچایا جاسکتا ہے۔ ٹورنامنٹ سیکریٹری سید عادل شاہ نے کہا کہ فٹبال کے فروغ کیلئے تمام تر وسائل استعمال کررہے ہیں۔ کراچی کی ٹیمیں میگا ایونٹ میں شرکت کررہی ہیں۔