لاہور(نمائندہ جسارت)مسلم لیگ(ن)کے نائب صدر اورسابق وزیر ریلوے خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا ہے کہ فیصلے بالکل قریب ہیں ،عمران خان کو جانا ہوگا،پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کی بھاری تعداد عمران خان کی عوام دشمن پالیسیوں سے تنگ ہے اور وہ ضمیر کی آواز پر ووٹ دینا چاہتے ہیں، تم اپنے ایم این اے اپنے ساتھ سنبھال کے رکھو تو تحریک عدم اعتماد ناکام ہو جائے گی ۔لاہور کی احتساب عدالت میں پیراگون ہائوسنگ اسکینڈل کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان اوراس کے ساتھ والے قوال جھوٹ بولتے ہیں کہ لوگ پیسوں کی پیشکش کررہے ہیں، لوگ جب سامنے آئیں گے تو اپنی ، اپنی بات کریں گے تومعلوم ہو گا کہ کون کس کو پیسے آفر کررہا ہے، لوگ تمہارے ساتھ رہنا ہی نہیں چاہتے، تم اپنا ووٹ بینک کھو چکے ہو،لوگ تمھیں بددعائیں دیتے ہیں۔ علاوہ ازیں خواجہ سعد رفیق نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشر یات فواد چودھری کے بیان کے تناظر میں کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے ہمیں ووٹ ڈالنے جانا ہے تو کیا ہمیں تحفظ نہیں چاہیے، اگر ہم بھی اپنے لوگ لے جائیں تو وہاں کیا بنے گا۔سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم دیکھیں گے ہمیں کون روکے گا وہاں پر، کوئی ہمیں روک نہیں سکتا، ہم نہیں چاہتے کہ وہاں ہم عوامی طاقت کے ساتھ یا اپنے لوگوں کو ساتھ لے کر جائیں لیکن عمران خان ہمیں مجبور کررہا ہے کہ ہم وہاں اپنے ساتھیوں سمیت جائیں۔رہنما مسلم لیگ (ن)نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ میں 10 لاکھ افراد اکٹھے کروں گا، 10 لاکھ کی انہوں نے کبھی شکل نہیں دیکھی ہوگی، کیا لوگ اکٹھے کرنے عمران خان صاحب صرف آپ کو آتے ہیں، ہمیں نہیں آتے، ہم بغیر لوگوں(کی حمایت کے)8،8 مرتبہ اسمبلیوں میں آجاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم مدبر لوگ ہیں، ہم تجربہ کار لوگ ہیں، یہ کام نہیں چاہتے، اس لیے پاکستان کے اداروں بالخصوص عدلیہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آئین میں واضح ہے کہ عدم اعتماد کس طرح ہوگا، یہ آئین ہمیں تحریک پیش کرنے کا حق دیتا ہے اور ایک آدمی جو حکمران بھی ہو وہ کھڑا ہو کر کہے کہ میں کسی کو پارلیمنٹ میں جانے نہیں دوں گا، لوگ اکٹھے کروں گا، جتھا بندی کروں گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ اس کا نوٹس لے اور اس طرح کی سرگرمیوں پر پابندی لگائے۔