ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

تلہار الزہرہ اکیڈمی کے 14 مستحقین جوڑوں کی اجتماعی شادی

تلہار (نمائندہ جسارت ) 14 جوڑے شادی کے بندھن میں بندھ گئے اور غریب والدین کی بیٹیاں اپنے پیا گھر سدھار گئیں، تقریب میں شہر کی نمائندہ شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق الزہرا اکیڈمی کراچی کی طرف سے ضلع بدین کے زیر اہتمام تلہار کے مقامی شادی ہال میں مستحق ،نادار اور بے سہارا خاندانوں سے تعلق رکھنے والے 14 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں نکاح کے بعد ون ڈش سے مہمانوں کی تواضح کی گئی۔ دولہوں کا کہنا تھا کہ سول سوسائٹی کی طرف سے اتنی بڑی نیکی کا کام ہمارے لیے نعمت سے کم نہیں، آخر میں تمام دولہنوں کو ان کے والدین نے نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا ۔ اجتماعی شادی کی اس تقریب میں شہر کی سیاسی ،سماجی ،مذہبی اور کاروباری شخصیات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔تقریب سے الزہرہ اکیڈمی کے چیئرمین علامہ سید شبیر حسین میسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ الزہرا اکیڈمی دکھی و محروم انسانیت کی فلاح اورمدد کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ رضاکارانہ خدمات کی انجام دہی کے لیے معاشرے کے ہر طبقے میں افراد کار بالخصوص طلبہ اور نوجوانوں کو آگے بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ غریب خاندانوں کی کفالت کا فریضہ بہت بڑی عبادت ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی جنرل علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہاکہ الزہرہ اکیڈمی کراچی نے اب تک ایسے سیکڑوں نادار گھرانوں کی بچیوں کی شادیاں کر اچکی ہے، جو اپنی جوان بیٹیوں کے ہاتھ پیلے کرنے کی استعداد نہیں رکھتے۔ کم وسائل کے حامل خاندانوں کے مرد و خواتین کی اجتماعی شادیوں کا اقدام رضائے الہی کے حصول کے علاوہ معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے خوشگوار زندگی گزارنے کا وسیلہ بھی بنتا ہے۔انہوں نے کہاکہ جہیز کی بدعت زور پکڑ رہی ہے اور شادیوں پر بھاری خرچے کے چلتے کئی بچیاں شادی کی عمر پار کرچکی ہیں اور ان کے والدین سخت پریشانی میں مبتلا ہیں لہذا ان کی مدد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس شادی کے دوران علما نے نکاح کی اہمیت بیان کی اور شادی میں اصراف سے پرہیز کرنے پر زور دیا۔ اس اجتماعی شادی کے دوران ان نئے جوڑوں کو ازواجی زندگی شروع کرنے کے لیے سامان بھی فراہم کیا گیا۔اس موقع پر ایس یو سی بدین ضلع کے صدر لیاقت علی خواجہ نے کہا کہ ایسے اقدامات آج کے دور میں کافی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ایسے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ تقریب کے آخر میں برادران اہلسنت کے علما نے نکاح کے بندھن میں بندھے 14 جوڑوں کے لیے دعا ئے خیر کی۔ اس موقع پر 14 جوڑے شادی کے بندھن میں بندھ گئے غریب خاندان کی بیٹیوں کو فی کس ایک ایک لاکھ روپے کا جہیز اور دولہوں کو فی کس 25 ہزار روپے کا ضروری سامان دیا گیا اور نکاح ، ولیمہ سمیت دیگر تمام اخراجات بھی الزہرہ اکیڈمی کی طرف سے کیا گیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں