سہون (نمائندہ جسارت ) محکمہ جنگلات کے صوبائی سیکرٹری بدر جمال میندھرو کا کمال نظر آگیا ہے، قبضے ہٹانے کیلیے آپریشن کرنے والا افسر معطل کردیا ہے، کچھ روز قبل ڈویژنل فاریسٹ افسر حیدرآباد اور دادو ثنااللہ بلیدی نے سہون کے قریب کندا جنگل میں محکمہ جنگلا ت کی زمین سے قبضے ہٹانے کیلیے آپریشن کیا تھا، 3 ہزار ایکڑ زمین پر قبضے برقرار ہیں، جو قبضے ختم کرانے کیلیے رینجرز کے ہمراہ آپریشن کرنا محکمہ فاریسٹ کے افسر کو مہنگا پڑ گیا ہے، بااثر افراد نے ڈویژنل فاریسٹ افسرثنااللہ بلیدی کو معطل کرادیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ جنگلات کی کندا جنگل میں ضلع دادو کی حدود میں 3 ہزار ایکڑ زمین پر بااثرافراد کا قبضہ ہے، جس پر محکمہ جنگلات کے ڈویژنل فاریسٹ افسر نے آپریشن شروع کیا تھا، تاہم بااثرافراد کو قبضے ختم کروانے کی بات پسند نہ آئی اور آپریشن کرنے والے افسر کو ہی معطل کروادیا۔ دوسری جانب سے سیکرٹری فاریسٹ سندھ نے معطل ڈویژنل فاریسٹ افسر ثنا اللہ بلیدی کے خلاف انکوائری کا حکم بھی جاری کرتے ہوئے کنزیوویٹر سرکل حیدرآباد عبدالستار کھتری کو انکوائری افسر مقرر کردیا ہے۔