ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

تقرر میرٹ پر ہونا چاہیے ،سینئر ہی اوپر آئیگا یہ ٹھیک نہیں،وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان 200بستروں پر مشتمل پمز ایمرجنسی مرکز کا افتتاح کررہے ہیں

اسلام آباد( خبرایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تقرر اور ترقی میرٹ پر ہونی چاہیے،سینئر ہی اوپر آئے گا یہ ٹھیک نہیں۔اسلام آباد میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز )اسپتال کے نئے ایمرجنسی وارڈ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھاکہ پمز کی نئی ایمرجنسی عالمی معیار کے مطابق قائم کی جائے گی،1985 ء کے بعد پہلی مرتبہ اسلام آباد میں نئے اسپتال کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر سینئر اچھا چیف ایگزیکٹو نہیں بن سکتا تو جو بہترین ہے اسے اوپر لے کر آنا چاہیے، جتنا میرٹ پر لوگوں کو رکھیں گے اتنا معیار بلند ہوگا، میرٹ کی بالادستی یقینی بنائی جائے تو سرکاری ادارے بھی معیاری خدمات فراہم کر سکتے ہیں۔وزیراعظم کے بقول ہماری حکومت پہلی حکومت ہے، جس نے معیشت، صحت اور تعلیم پر بے مثال کام کیا۔عمران خان نے کہا کہ ہمارے سارے معاشی اشاریے درست ہیں اور ملک ترقی کے رستے پر چل نکلا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم پر یہ اتنا بڑا غلامی کا بوجھ ہے، لوگ پڑھا لکھا ہونا ثابت کرنے کے لیے انگریزی میں چند جملے بول کر پھر اردو بولتے ہیں، احساس کمتری کا یہ نظام نوآبادیاتی نظام تعلیم کی وجہ سے ہے جسے پچھلی حکومتوں نے تبدیل نہیں کیا لیکن ہم نے اسے بدلنے کی شروعات کردی، ہم نے بچوں کی کردار سازی کے لیے تعلیمی اداروں میں سیرت النبیﷺ پڑھانا شروع کی، کوئی قوم بڑی نہیں بن سکتی جب تک اس کا کردار بڑا نہ ہو۔وزیراعظم کے بقول نبی ﷺنے لوگوں کے کردار بدلے اور فکری انقلاب برپا کیا، لوگ غلط سمجھتے ہیں کہ تلوار سے انقلاب آیا تھا، ہجرت اور نبیﷺ کی وفات کے بعد جنگوں میں ہزار سے 1200 لوگ مرے تھے لیکن سارا عرب ان کے زیرنگیں آگیا، یہ تلوار سے نہیں ہوا بلکہ لوگوں کے ذہن بدلے تھے، بدقسمتی سے ہم نے کبھی کوشش نہیں کی کہ لوگوں کو بتائیں تو سہی قرآن کیوں نبیﷺکی زندگی سے سیکھنے کا حکم دیتا ہے، اس میں ہماری بہتری ہے۔وزیراعظم نے بتایا کہ جو قوم نبیﷺ کی سنت پر چلے گی وہ اٹھ جائے گی اور ترقی کرے گی، کیونکہ وہ سب انسانوں کے لیے رحمت اللعالمین تھے، اسی لیے ہم نے رحمت اللعالمین اتھارٹی بنائی تاکہ بچوں اور طلبہ کو کم از کم نبی ﷺ کی زندگی کا پتا ہو، کیسے ان کے اردگرد موجود سب لوگ لیڈرز بن گئے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں