کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی دعا منگی اغواء کیس میں قیدی زوہیب قریشی کے فرار کے معاملے میں تحقیقات مکمل نہ ہونے پر تفتیشی افسر پر برہم، ایس ایس پی ایسٹ کو آخری مہلت دیتے ہوئے 3 روز میں تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دیدیا، عدالت کا کہنا تھا کہ تحقیقات مکمل نہ کی گئیں تو ذمے داروں کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے گی، چالان پیش نہ کیا گیا تو ملزمان کی دائر درخواست پر فیصلہ سنا دیں گے۔انسداد دہشت گردی عدالت نے سینئر صحافی اطہر متین قتل کیس میں پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم اشرف بنگلزئی کے جسمانی ریمانڈ میں 23 مارچ تک توسیع کردی۔ سندھ ہائیکورٹ میں ناظم جوکھیو قتل کیس کا چالان جمع کرانے میں تاخیر، عدالت درخواست گزار کے وکیل پر برہم، وکیل کی جانب سے درخواست واپس لینے پر خارج کردی۔ تفصیلات کے مطابق صحافی اطہر متین قتل کیس میں ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس نے ملزم کو عدالت پیش کیا اور عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزم سے تفتیش مکمل ہوگئی ہے، مزید جسمانی ریمانڈ نہیں چاہیے، لنک عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو 24 مارچ کو منتظم جج کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں ناظم جوکھیو قتل کیس میں مدعی مقدمہ کے وکلا کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے درخواست گزار کے وکیل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کو کیس منتقلی کے احکامات دینے کا اختیار ہی نہیں تھا، کیس منتقلی کے احکامات دینے کا اختیار اے ٹی سی کورٹس کے منتظم جج کے پاس ہے، درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ ناظم جوکھیو کیس کا چالان جمع کرانے میں تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ درخواست واپس لے رہے ہیں یا جرمانے کے ساتھ مسترد کریں، جس پر عدالت نے درخواست واپس لینے پر خارج کردی۔ ناظم جوکھیو قتل کیس میں پپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام اویس و دیگر عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔