پتوکی کے الجنت میرج ہال میں لاش کے قریب بیٹھے بے حس لوگ بارات کا کھانا کھاتے رہے۔ذرائع کے مطابق تھانہ سٹی پتوکی کے علاقہ میں آصف ولد نور دین کی بارات کی آمد پر باراتیوں میں سے کسی شخص کی جیب کٹ گئی تو باراتیوں نے وہاں موجود پاپڑ بیچنے والے اشرف عرف سلطان کو جیب تراشی کے الزام میں مبینہ تشدد کر کے جان سے مار دیا۔ پتوکی پولیس اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی پولیس نے میرج ہال کے مینیجر وقاص کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ باراتیوں نے پولیس کو بتایا کہ کسی نے تشدد نہیں کیا اس شخص کو ہارٹ اٹیک آیا ہے اور لوگ مطمئن ہو کر کھانا کھانے میں مصروف ہو گئے۔پولیس کے مطابق لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے بھجوایا جا رہا ہے اسکے بعد ہی واضح ہو گا کہ موت تشدد سے ہوئی یا ہارٹ اٹیک اسکی وجہ ہے۔ لاش کے قریب بیٹھے لوگوں کی کھانا کھاتے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے عوام کا کہنا ہے کہ ایسے بے حس لوگ ہیں کہ لاش کی موجودگی میں بھی کھانا کھانے میں مصروف ہیں۔شہریوں نے پولیس کے اعلی حکام سے حقائق سامنے لانے اور ذمہ داران کو سخت سے سخت سزا دینے کی اپیل کی ہے۔