کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا میں سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج ایک ترک عورت ملاحت سینگر رویاجان تھیں؟
ملاحت سینگر رویا جان 1906 میں استنبول میں پیدا ہوئیں۔ وہ صرف ترکی میں ہی نہیں دنیا بھر میں سپریم کورٹ کی رکن منتخب ہونے والی پہلی خاتون جج ہیں۔ انہوں نے استنبول میں اپنی تعلیم مکمل کی ۔ جمہوریہ ترکی کے قیام کے بعد دارالحکومت انقرہ میں کھُلنے والی لاء فیکلٹی میں داخل ہونے کے لئے اپنے کنبے کے ہمراہ انقرہ منتقل ہو گئیں۔ 1925 سے 1929 تک یہاں زیرِ تعلیم رہیں اور انقرہ یونیورسٹی کی قانون فیکلٹی سے پہلی خاتون قانون دان کی حیثیت سے فارغ التحصیل ہوئیں۔
بحیثیت جج پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز کرنے کے بعد 1945 میں وہ سپریم کورٹ میں پہنچ گئیں ۔ اس طرح رویا جان کا نام سپریم کورٹ میں جانے والی پہلی خاتون جج کے طور پر تاریخ میں درج ہو گیا۔ انہوں نے بطور جج کے متعدد اہم دعووں پر کاروائی کی اور اساسی فیصلے کئے۔
ملاحت سینگر رویا جان نے زندگی بھر اصولوں کی پابندی کی اور حق تلفی و ناانصافی کے خلاف جنگ لڑی۔ وہ 1974 میں انقرہ میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔