چینی اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی جمعرات کی صبح غیراعلانیہ دورے پر اچانک افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے۔
افغانستان کے سرکاری باختر نیوز ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل عبدالواحد ریان نے چینی وزیر خارجہ کی افغانستان کے دارالحکومت آمد کی تصدیق کی۔
چین کے وزیر خارجہ نے یہ دورہ ایک ایسے موقع پر کیا ہے جب ایک ہفتے بعد ہی 30 اور 31 مارچ کو بیجنگ افغانستان کے پڑوسی ممالک کی دو روزہ کانفرنس کی میزبانی کرے گا جس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا کہ طالبان حکومت کی مدد کیسے کی جائے گی۔
اس سے قبل پاکستان اور ایران طالبان کے افغانستان میں اقتدار میں آنے کے بعد ہمسایہ ممالک کے ایسے ہی اجلاسوں کی میزبانی کر چکے ہیں۔
اگست میں طالبان کی جانب سے ملک کا کنٹرول سنبھالے جانے کے بعد سے یہ کسی سینئر چینی رہنما کا پہلا دورہ افغانستان ہے جو تین روزہ دورہ پاکستان کے بعد وہاں پہنچے ہیں جہاں انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ کابل پہنچنے پر چینی وزیر کا استقبال کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں فریقین اہم امور پر بات چیت کریں گے جس میں ملکی استحکام و ترقی میں چین کے کردار پر خصوصی گفتگو کی جائے گی۔
China’s Foreign Minister Wang Yi arrived in #Kabul and met with Mawlavi Amir Khan #Muttaqi IEA Acting Minister of Foreign Affairs in Kabul. pic.twitter.com/DKyKg2VRDx
— Bakhtar News Agency (@BakhtarNA) March 24, 2022