لاہور/ کراچی/ کوئٹہ (نمائندہ جسارت+ اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ(ن)اور جمعیت علما اسلام(ف)کے زیراہتمام لاہور سے اسلام آباد کی طرف مہنگائی مکائو ،عمران بھگائو مارچ کا آغاز آج ہوگا، دونوں پارٹیوں کی جانب سے مارچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دے کر قیادت سے رہنمائی بھی حاصل کرلی گئی ہے،پولیس نے بھی مارچ کے شرکاء کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے اور خصوصاً مارچ کے سفر کے دوران سیاسی مخالفین سے کسی بھی طرح کے تصادم کو روکنے کیلیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ ن لیگ کے کارکنان پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون سے مریم نواز اور حمزہ شہباز کی قیادت میں روانہ ہوں گے جبکہ جمعیت علما ئے اسلام (ف)کے کارکنان مولاناامجد خان کی قیادت میں مینا رپاکستان سے اپنے سفر کا آغاز کریں گے ۔ دوسری جانب لانگ مارچ اور احتجاج میں شرکت کیلیے مسلم لیگ(ن) کے قافلے کراچی سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ یہ قافلے مسلم لیگ ہائوس کارساز سے کراچی ڈویژن کے صدر سلمان خان کی قیادت میں روانہ ہوئے۔ اس موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو ختم کرکے واپس آئیں گے اور مسلم لیگ(ن) عوام کی خدمت کرے گی۔ علاوہ ازیںمارچ میں شرکت کیلیے جمعیت علماء اسلام کے قافلے بلوچستان سے روانہ ہوگئے ہیں، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے روانہ ہونے والے قافلے بنگلہ انٹرچینج پر جمع ہوکر آج قائد جمعیت کی قیادت میں اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔