تھرپارکر(نمائندہ جسارت) تھانے کے باہر 40گھنٹے احتجاج کے بعد دوران حراست نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ درج۔تھرپارکرکی تحصیل مٹھی کے تھانے میں دوران حراست نوجوان کی ہلاکت پر ورثا نے تھانے کے باہر میت کے ساتھ 2 دن تک احتجاج کیا جس کے بعد مقدمہ درج کرلیا گیا اور ایس ایچ او سمیت تھانے کے عملے کو معطل کر دیا گیا۔ مٹھی تھانے میں دو دن قبل 25 سالہ نوجوان بھاگچند میگھواڑ کی دوران حراست ہلاکت کے خلاف ورثا دو دن سے تھانے کے سامنے لاش رکھ کر احتجاج کر رہے تھے، ورثا کا مطالبہ تھا کہ مقدمے کے اندراج تک تدفین نہیں کی جائے گی۔چالیس گھنٹے بعد ایس ایس پی تھرپارکر سردار حسن نیازی اور ورثا کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی۔نوجوان کے چچا کی مدعیت میں چار افراد کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، ایف آئی آر میں پیپلزپارٹی شعبہ خواتین تھرپارکرکی صدر سمیت مٹھی تھانے کے ایس ایچ او کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ایس ایس پی تھرپارکر نے ایس ایچ او سمیت تھانے کے عملے کو معطل بھی کردیا ہے۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے، ملزم کو چوری کے الزام میں گرفتارکیا گیا تھا۔