حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد میں گرمی کی آمد کے ساتھ ہی حیسکو کی جانب سے غیر اعلانیہ بجلی کا طویل بریک ڈاؤن شہری پریشان‘ پانی کی قلت پیدا ہوگئی ‘حیسکو کے ستائے سڑکوں پر نکل آئے ۔حیدرآباد میں حیسکو کی جانب سے غیر اعلانیہ بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری ہے جس کے خلاف حسین آباد چوک پر مظاہرین نے سخت احتجاج کیا اورٹائر نذر آتش کرتے ہوئے دھرنا دیدیا اور حیسکو کے خلاف نعرے بازی کی ۔ دوسری جانب لیاقت کالونی کے علاقے میں جمعہ کے روز صبح 6 سے شام 6بجے تک 12گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی اور رات 7بجے دوبارہ بجلی بند کردی گئی جو ہفتے کی سہ پہر تک بھی بند تھی گرمی کے موسم میں عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز حیدرآباد شہر کے تمام کاروباری مراکز بند رہتے ہیں اس کے باوجود لیاقت کالونی سب ڈویژن کو بجلی فراہم نہیں کی جاتی، ہم حیسکو چیف اور وفاقی وزیر پانی و بجلی سے
مطالبہ کرتے ہیں کے لیاقت کالونی سب ڈویژن کے ساتھ زیادتی بند کی جائے اور قائد آباد بازار لیاقت کالونی ودیگر علاقوں کی بجلی فوری بحال کی جائے۔