اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران نجی شعبے کی جانب سے قرضہ حاصل کرنے کی شرح میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ہفتہ کو اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ رواں سال جولائی سے لے کر11 مارچ تک کی مدت میں نجی شعبے نے 911 ارب روپے کا قرضہ حاصل کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں نجی شعبے نے 357 ارب روپے کا قرضہ حاصل کیا تھا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ نجی شعبے کے قرضے میں اضافے سے ملک میں تیز تر اقتصادی سرگرمیوں کی عکاسی ہو رہی ہے۔ حکومت نے اسٹیٹ بینک سے 291 ارب روپے نہیں لیے جس کی وجہ سے نجی شعبے کیلیے زیادہ قرضوں کی فراہمی کی گنجائش پیدا ہوگئی۔