اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والوں پر عوام کے جوتے پڑیں گے۔ اسلام آباد میں امربالمعروف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہاکہ عمران خان کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والے جب اپنے اپنے حلقوں میں کھڑے ہونگے تو انہیں جوتے پڑیں گے کیونکہ عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار نہیں، اقدار کی سیاست کرتے ہیں، وہ پاکستان اورمسلم امہ کے لیڈر بن کر کھڑے ہیں اور آج 20 کروڑ عوام عمران خان کے اشارے کے منتظر ہیں، آپ نے عمران خان کے حکم کا انتظار کرنا ہے اور اس پر چلنا ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں موجود پی ٹی آئی کارکنوں کو سلام، عوام کا ٹھاٹیں مارتا سمندر تحریک انصاف اور عمران خان کے ساتھ ہے، اپوزیشن 20 کروڑ لوگوں سے گزر کرعمران خان تک پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوامی سیاست پر یقین رکھتی ہے، عمران خان غریب کا درد رکھنے والے لیڈر ہیں، ہمیں اقتدار عوام نے دیا اور ہم عوام کے سر پر اقتدار رکھیں گے، عمران خان کو تخت کا لالچ نہیں، وہ فقیر منش آدمی ہے، عمران خان کے اقتدار میں آنے کا فرق اسے نہیں بلکہ مجھے آپ کو پڑے گا۔