واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ انٹرویو میں موجودہ صدر جوبائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن سے متعلق بڑا انکشاف کیا ہے۔ امریکی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے مطالبہ کیا کہ وہ ہنٹر بائیڈن کی روس کی حکومتی شخصیات سے روابط کی خفیہ معلومات واشنگٹن کے حوالے کریں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہنٹر بائیڈن نے روسی دارالحکومت ماسکو کے میئر کی اہلیہ سے 35 لاکھ ڈالر لیے تھے۔ سابق صدر نے کہا کہ ماسکو کے میئر کی اہلیہ نے جو پیسے ہنٹر بائیڈن کو دیے ، ولادیمیر پیوٹن اس بارے میں زیادہ جانتے ہوں گے۔ ادھر ٹرمپ کی جانب سے الزامات کے بعد ہنٹر بائیڈن کے وکیل نے ردعمل میں کہا کہ ہنٹر بائیڈن کا کسی روسی کمپنی سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ دعویٰ جھوٹا ہے کہ ہنٹر نے کسی خاتون سے اتنی بڑی رقم لی۔ ٹرمپ ایک بار پھر وہی الزامات دہرارہے ہیں جو وہ صدارتی مہم کے دوران سیاسی حریفوں پر عائد کرتے تھے۔