برلن: جرمن چانسلر اولاف شولس نے باور کرایا ہے کہ ان کا ملک یوکرین پر روسی حملے کے تناظر میں اپنے لیے نیا میزائل دفاعی نظام خریدنے کے واسطے کوشاں ہے ، تاہم اولاف نے اپنی حکومت کی جانب سے ممکنہ طور پر خریدے جانے والے میزائل نظام کی نوعیت سے آگاہ نہیں کیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق سوشل ڈیموکریٹس پارٹی سے تعلق رکھنے والے سیاست دان آندریاس شفارٹز نے اسرائیلی میزائل نظام ایرو3کے بارے میں بات کی ہے۔ آندریاس کے مطابق دور تک مار کرنے والے میزائلوں کو گرانے کی صلاحیت رکھنے والا یہ میزائل ایک اچھا حل ہے۔ آندریاس کا کہنا تھا کہ ہمیں روس کی شکل میں درپیش خطرے کے مقابل اپنی حفاظت کا بہتر انتظام کرنا لازم ہے۔
لہذا ہمیں میزائل دفاعی ڈھال کی ضرورت ہے جو پورے جرمنی کو ڈھانپ لے اور یہ جلد از جلد کرنا ہو گا۔جرمن اخبار کے مطابق چانسلر اولاف شولس نے کچھ عرصہ قبل اسرائیلی میزائل دفاعی نظام کی بابت جرمن فوج کے سربراہ ایبر ہارڈ ٹزورن سے تبادلہ خیال کیا تھا۔
تاہم جرمن وزارت دفاع نے اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔جرمنی کے پاس اس وقت فضائی دفاع کے لیے امریکی پیٹریاٹ میزائل یونٹ موجود ہیں۔ تاہم یہ ملک کے مختلف حصوں کو مکمل تحفظ فراہم نہیں کرتے ہیں۔
اس سے قبل جرمن چانسلر دفاعی اخراجات میں 100 ارب یورو کے اضافے کا اعلان کر چکے ہیں۔ یہ اعلان یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سامنے آیا۔